نیپال کے سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنل کی اہلیہ، جنہیں پُرتشدد ہنگاموں کے دوران جلا دیا گیا تھا، اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تاہم ان کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنل کی اہلیہ راجی لکشمی چتراکر کو مظاہرین نے اس وقت زندہ جلا دیا تھا، جب پُرتشدد ہنگاموں کے دوران وزیراعظم کے گھر کو آگ لگائی گئی تھی۔
مشتعل مظاہرین کی جانب سے سابق وزیراعظم کی اہلیہ کو زندہ جلائے جانے کا یہ واقعہ دو روز قبل نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے علاقے ڈالو میں ان کی رہائش کاہ پر پیش آیا تھا، جس میں راجی لکشمی چتراکر جھلس کر زخمی ہو گئیں تھی۔ تاہم اب وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور صحت یاب ہو رہی ہیں۔
اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ زندہ جلائے جانے کے سبب راجی لکشمی کی موت ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ نیپال میں نوجوان کرپشن کے خلاف اس وقت سڑکوں پر نکل آئے جب حکومت نے سوشل میڈیا سائٹس سمیت 26 ویب سائٹس پر پابندی عائد کی۔ تاہم احتجاج کے بعد حکومت نے سوشل میڈیا پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔
سوشل میڈیا پر قلیل مدتی پابندی ختم ہونے کے باوجود مظاہرے تیزی سے پرتشدد ہوتے گئے، جس کے بعد وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی رہائش گاہ پر بھی حملہ کیا گیا اور اسے آگ لگائی گئی۔ بعدازاں انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔