• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دی کنجیورنگ‘ کا سسپنس خراب کرنے پر سنیما گھر اکھاڑا بن گیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ کی مشہور ہارر مووی سیریز ’دی کنجیورنگ‘ کا سسپنس خراب کرنے پر 2 بھارتی شہری سنیما میں لڑپڑے اور معاملہ پولیس تھانے تک پہنچ گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پونے کا تھیٹر اس وقت اکھاڑے کا منظر پیش کرنے لگا جب فلم دیکھنے کے لیے آئے دو شخص آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل اپنی اہلیہ کے ساتھ ’دی کنجیورنگ‘ دیکھنے گیا، وہیں ایک اور شخص اپنی اہلیہ کے ساتھ آیا اور ان کی پچھلی قطار میں بیٹھ گیا۔

فلم شروع ہوئی تو پچھلی قطار میں بیٹھا شخص اپنی اہلیہ کو اونچی آواز میں فلم کی کہانی سنانے لگا، جس سے آس پاس بیٹھے دیگر افراد کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

29 سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل نے مذکورہ شخص پر اعتراض کیا اور اسے روکنے کی کوشش کی۔ اس نے مذکورہ شخص کو سسپنس کو خراب نہ کرنے اور دوسروں کو پریشان نہ کرنے کی درخواست کی تو معاملہ بگڑ گیا۔

پولیس کے مطابق 29 سالہ شکایت کنندہ اور اس کی اہلیہ نے ملزم کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم نے مار پیٹ شروع کردی، جس پر شکایت کنندہ نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، تاہم ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کیس میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید