• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپال: اگلے سال 5 مارچ کو انتخابات ہونگے: عبوری وزیراعظم

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

نیپال کی عبوری وزیر اعظم سشیلا کارکی نے عہدہ سنبھالتے ہی پارلیمنٹ تحلیل کر کے آئندہ انتخابات کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا، جس کے بعد انہوں نے اگلے سال 5 مارچ کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی دفتر نے عبوری وزیراعظم کی تقرری کے بعد بیان جاری کیا جس میں آئندہ انتخابات کا اعلان کیا گیا۔

صدارتی دفتر کے مطابق صدر نے عبوری وزیراعظم کی سفارش پر پارلیمنٹ تحلیل کر کے انتخابات کے لیے 5 مارچ 2026 کی تاریخ مقرر کی ہے۔

واضح رہے کہ فوج نے دارالحکومت کھٹمنڈو کا کنٹرول سنبھالا ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے کی کشیدگی کے بعد اب نیپال میں صورتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے۔

سابق وزرائے اعظم، کابینہ ارکان، پارلیمنٹ اور عدالتوں کو نذر آتش کیا جا چکا ہے۔

ملک میں کچھ سڑکیں اب بھی بند ہیں جبکہ فوج کا گشت بھی جاری ہے، علاوہ ازیں شام 7 سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ ہے۔

یاد رہے کہ نیپال میں گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں 51 افراد ہلاک اور 1300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

پُرتشدد مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں میں 21 مظاہرین، 9 قیدی، 3 پولیس افسران اور 18 دیگر افراد شامل تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید