امریکی سفار خانے کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسلام آباد سے امریکی سفارت خانے کے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے متاثرین کے لیے خوراک، خیمے اور ادویات بھجوائی گئیں۔
امریکی سی 17 اور سی 130 طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچے ہیں، امریکی مشن پاکستان کی ناظم الامور نیٹلی بیکر امدادی سامان کی ترسیل کے موقع پر موجود تھیں۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا سیلاب میں جانی نقصان اور گھروں کی تباہی پر غمزدہ ہے، امریکا نے حکومت پاکستان کی درخواست پر بیرونی معاونت کی منظوری دی۔
امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قومی امدادی کارروائیوں کے لیے ہنگامی ضروریات کا سامان فراہم کیا گیا۔