• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے حکم پر اونٹ کا علاج جاری

سکھر میں ٹانگ کاٹنے سے زخمی ہوئے اونٹ کو وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر علاج کے لیے لے جایا جا رہا ہے—سوشل میڈیا ویڈیو گریب
سکھر میں ٹانگ کاٹنے سے زخمی ہوئے اونٹ کو وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر علاج کے لیے لے جایا جا رہا ہے—سوشل میڈیا ویڈیو گریب

سکھر میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے پر وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس لینے کے بعد ان کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے زخمی اونٹ کا علاج کیا جا رہا ہے۔

ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بے زبان جانوروں پر ظلم ناقابلِ برداشت ہے، جانوروں پر ظلم کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے حکم پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کمیل شاہ کی نگرانی میں روہڑی میں زخمی اونٹ کا علاج جاری ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ اگر ضرورت پڑے تو مزید علاج کے لیے زخمی اونٹ کو کراچی منتقل کیا جائے۔

زخمی اونٹ کے علاج پر اس کے مالک محمد امین نے سندھ حکومت کے اقدامات پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ضلعی چیئرمین، مختارِکار اور دیگر حکام موقع پر پہنچے، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کمیل شاہ کے مشکور ہیں۔

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کمیل شاہ نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو رپورٹ بھی پیش کر دی جس کے مطابق روہڑی میں جانوروں کے اسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم اونٹ کا علاج کر رہی ہے۔

سید کمیل شاہ کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اونٹ کا علاج کراچی میں کروایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات کچھ لوگ اونٹ کو کلہاڑیوں سے زخمی کر کے فرار ہو گئے تھے جس پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

قومی خبریں سے مزید