• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن نقوی کا اب وزیراعظم بننا نا ممکن ہو چکا، رانا ثناء اللّٰہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا اب وزیراعظم بننا نا ممکن ہو چکا۔ اب پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے وزیر داخلہ بننے کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

پاک سعودی عرب معاہدے سے متعلق رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب معاہدہ امت مسلمہ کا خواب تھا، مسلمانوں کا خواب تھا کہ مسلم ممالک ایک ہوں، سعودی عرب معاشی اور پاکستان ایٹمی طاقت ہے، جب یہ دونوں طاقتیں جمع ہوتی ہیں تو سپر پاور کے طور پر سامنے آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ عالم اسلام کے لیے نیک شگون اور حوصلے کا باعث ہے، پاکستان پر حملہ ہوگا تو یہ بھی سعودی عرب پر حملہ سمجھا جائے گا،  معاہدے میں دفاعی پیداوار بڑھانے سے متعلق بھی پیرا شامل ہے، فخر کی بات ہے کہ دیگر ممالک دفاع کیلئے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، معاہدے کے الفاظ ہیں کہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب اور سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر تصور ہوگا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا موقف تھا کہ ہم جارحیت نہیں کر رہے بھارت نے حملہ کیا تو جواب دیا جائے گا، پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کو پھر جو جواب دیا دنیا نے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ نیٹو کے سوا شاید دنیا میں ایسے معاہدے ہوئے ہوں، میرا نہیں خیال کہ امریکا کو اس معاہدے پر کوئی اعتراض ہوگا، امریکا کو خوش ہونا چاہیے کہ یہ معاہدہ پاکستان کے ساتھ ہوا، یہ چین کے ساتھ بھی ہوسکتا تھا، مسئلہ کشمیر حل کرنا اب بھارت کی ضرورت بن جائے گا۔

ر انا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے بار بار کہا گیا کہ صدق دل سے معافی مانگ کر اپنے معاملات ٹھیک کریں۔

قومی خبریں سے مزید