وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ معرکۂ حق اور پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کے بھارت میں صفِ ماتم بچھ چکی ہے۔
راولاکوٹ کے صابر شہید اسٹیڈیم میں استحکامِ پاکستان اور معرکۂ حق کنونشن سے خطاب میں چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سےتاریخی معاہدے پر کشمیری قوم کی طرف سے مبارک باد دیتے ہیں، پاک سعودیہ دفاعی معاہدے سے بھارت میں صفِ ماتم بچھ چکی ہے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، عوام اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق میں بھارت کو عبرت ناک شکست دی، بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پہلے سے بڑھ کر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
چوہدری انوارالحق نے یہ بھی کہا کہ ہم نے مل کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہے، بھارت نے دوبارہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا ہے۔