پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیمہ ملک کی بہن اور سابق گلوکارہ و میزبان دُعا ملک کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے کبھی شوبز انڈسٹری میں کام کریں۔
حال ہی میں سابق گلوکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان آن لائن شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے کبھی شوبز انڈسٹری میں کام کریں، لیکن میری بیٹی کو بہت شوق ہے اور اکثر اپنی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر لگاتی ہے جس پر میں اسے ڈانٹ دیتی ہوں تو وہ پھر ڈیلیٹ کر دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کو روک تو نہیں سکتے لیکن میں نہیں چاہتی کے کہ وہ انڈسٹری میں کام کرے، جس پر میزبان نے پوچھا کیا اس کی وجہ کاسٹنگ کاؤچ کا کوئی تلخ تجربہ ہے؟
میزبان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ وجہ نہیں ہے اور میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا لیکن اب سنا ہے اکثر لڑکیوں کے ساتھ ایسا ہوتا ہے کیونکہ وہ بہت نازک مزاج ہوتی ہیں جبکہ میں اور حمیمہ نازک مزاج نہیں ہم میں ایک مرد پوشیدہ ہے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر کبھی کسی نے ایسا کچھ کرنے کی کوشش کی تو ہم دونوں بہنوں کے اندر کا مرد جاگ جاتا ہے پھر ہم اسے نہیں چھوڑتے۔ تاہم ایک بار مجھے انڈسٹری کے بہت بااثر شخص کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے میرے کیرئیر کو شدید نقصان پہنچا۔
دعا ملک نے مزید کہا کہ میں اس شخص کا نام کبھی نہیں لے سکتی کیونکہ میں تو بیرون ملک رہتی ہوں لیکن میری فیملی پاکستان میں ہے۔ میں نے اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا ہے۔