اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) نے ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار دے دیا۔
چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی زیر صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں سپریم کورٹ کے رواں برس 11 ستمبر کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا کہ رخصتی سے قبل طلاق کی صورت میں عدت اور نفقہ لازمی قرار دینا قرآن و سنت کے خلاف ہے، سپریم کورٹ نے نکاح کے بعد رخصتی سے قبل طلاق کے مقدمے میں نان نفقہ کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے اعلامیے میں ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی اور اسے زیادتی کے مترادف کہا گیا ہے۔
کونسل نے رائے دی ہے کہ انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے مخصوص ادارے خاص شرائط کے تحت قائم کیے جا سکتے ہیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ مفاسد سے بچنے کے لیے پہلے لازمی قانون سازی کی جائے، انسانی دودھ سے متعلق قانون سازی میں کونسل کو شامل کیا جائے۔
کونسل نے دیت کے قانون میں ترمیم کی شقوں کی مخالفت کی اور کہا ہے کہ دیت کے قانون میں ترمیم کے لیے پیش کردہ بل سےاتفاق نہیں کرتے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ دیت کی سونا، چاندی اور اونٹ سے متعلق شرعی مقداریں قانون میں شامل رہنی چاہئیں، بل میں چاندی کو حذف اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنایا گیا ہے۔
کونسل نے کہا ہے کہ شوگر کے مریضوں کے لیے حلال اجزاء والی انسولین دستیاب ہے، خنزیر کے اجزاء پر مشتمل انسولین سے پرہیز کیا جائے، اس مقصد کے لیے مناسب قانون سازی بھی کی جائے۔