نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سیاسی استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان کی معیشت روز بروز مضبوط ہو رہی ہے۔
نیویارک میں اقوامِ متحدہ میں پائیدار عالمی معیشت سے متعلق گروپ 77 کے 49 ویں وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ معاشی شرحِ نمو میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
دریں اثنا نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی سلووینیا کی نائب وزیرِ اعظم تانیا فائیون سے ملاقات ہوئی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سلووینیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اس موقع پر سرمایہ کاری، تجارت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان معیشت سے متعلق عالمی قوانین کی پاسداری کا پابند ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک ترقی پزیر ملکوں کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2022ء کے سیلاب سے شدید نقصان پہنچا، 2025ء کے سیلاب سے پاکستان کی زراعت زیادہ متاثر ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔