کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام نے چھاپہ مار کر اہم ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ملزم ساگر کمار کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے گرفتار کیا گیا ہے، وہ اسی علاقے میں خالد بن ولید روڈ پر واقع عمارت کے ایک فلیٹ کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
ساگر کمار پر آن لائن مالیاتی فراڈ اور سوشل میڈیا ویب کے ذریعے جوا کھیلنے کا الزام ہے۔
اس کے قبضے سے 3 موبائل فون، کمپیوٹر اور ایک رجسٹر برآمد ہوا ہے جس میں فراڈ سے متعلق کئی امور کا اندراج موجود ہے۔
ساگر کمار پر پیکا ترمیمی ایکٹ کی شق 13 اور 14 کے تحت ایف آئی آر نمبر 107/ 25 درج کر لی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ساگر جوا کھیلنے کی ویب سائٹس چلاتا اور سائبر اسپیس کے ذریعے جوئے کے لیے ایڈمن اکاؤنٹس کھولتا اور آپریٹ کرتا تھا۔
حکام نے بتایا ہے کہ ساگر نے دورانِ تفتیش آن لائن فراڈ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا اور برآمد اشیاء سے بھی اس کا فراڈ سے تعلق ثابت ہوا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر رات ساڑھے 8 بجے یہ چھاپہ مفرور ملزم عامر علو کی گرفتاری کے لیے مارا تھا، ملزم ساگر نے بتایا کہ عامر علو کارروائی سے پہلے ہی فرار ہو گیا تھا۔
دورانِ تفتیش ساگر نے دعویٰ کیا کہ سشی کمار، سلمان، ظفر اور دیگر بھی فراڈ میں ملوث ہیں۔
ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات کے لیے اعلیٰ افسر کو مقرر کر دیا گیا ہے۔