پنجاب کے شہر سرگودھا میں شادی کے جھانسے میں آ کر ایک شخص لاکھوں روپے سے محروم ہو گیا۔
سرگودھا میں غریب محنت کش شادی کے جھانسے میں آ کر لٹ گیا، لڑکی کے جعلی والدین بن کر فراڈیوں کے 5 رکنی گروہ نے پہلے منگنی کے نام پر 50 ہزار روپے ہتھیائے اور بعد میں شادی کی تیاریوں کے لیے 1 لاکھ روپے لے کر فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
سرگودھا کے گاؤں 66 شمالی کے رہائشی محنت کاثمر حیات نے 2 خواتین سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ میں غریب محنت کش ہوں، ملزمان نے مجھے شادی کا جھانسہ دے کر ایک لڑکی دکھائی اور خود اس کے جعلی والدین بن گئے۔
ملزمان نے پہلے منگنی کے نام پر 50 ہزار روپے ہتھیائے اور بعد میں شادی کی تیاریوں کا کہہ کر 1 لاکھ روپے بٹور لیے۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ رقم کی مزید ڈیمانڈ کرنے پر میں نے تحقیق کی تو انکشاف ہوا کہ یہ فراڈیوں کا گروہ ہے اور جس لڑکی کا رشتہ دکھایا ہے، اس کے حقیقی والدین بھی نہیں ہیں۔
تھانہ جھال چکیاں پولیس نے پانچوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔