کراچی کے علاقے نیوکراچی میں خاتون نے بھائی کے گھر کے قریب پارک میں خود کو آگ لگا کر خود سوزی کرلی۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی 6 نمبر میں خاتون نے شوہر کے جھگڑا کرنے پر دلبرداشتہ ہوکر پارک میں خود کو آگ لگا دی، پارک میں خودسوزی کرنے والی خاتون دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ 50 سالہ فردوس کا دو روز قبل شوہر سے جھگڑا ہوا تھا، جھگڑے کے دوران شوہر نے خاتون پر تشدد کیا تو وہ شوہر سے ناراض ہوکر نیوکراچی میں اپنے بھائی کے گھر آگئی تھی، خودسوزی سے قبل خاتون بھائی کے گھر سے ڈسپنسری سے دوائی لینے گئی اور واپسی پر بھائی کے گھر قریب پارک میں جاکر خود کو آگ لگا دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خودسوزی کرنے والی خاتون 90 فیصد جھلس گئی تھی اور اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون کی کوئی اولاد نہیں تھی۔