• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمبرج امتحانی نظام میں شفافیت کیلئے جامع اسکروٹنی نظام متعارف کرایا ہے، عظمیٰ یوسف

ڈائریکٹر، کیمبرج انٹر نیشنل ایجوکیشن پاکستان عظمیٰ یوسف
ڈائریکٹر، کیمبرج انٹر نیشنل ایجوکیشن پاکستان عظمیٰ یوسف

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان کی ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا ہے کہ کیمبرج نے امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لیے اسکروٹنی کا ایک جامع نظام متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت گریڈ کی شکایت پر او اور اے لیول کا ہر طالبعلم اپنی جانچی ہوئی کاپیاں دیکھ سکتا ہے۔

وہ جنگ سے خصوصی گفتگو کر رہی تھیں، اس موقع پر کیمبرج کے کمیونیکیشن منیجر ارسلان ربانی اور منیجر پی آر مجتبیٰ گیلانی بھی موجود تھے۔ 

عظمیٰ یوسف نے کہا کہ برٹش کونسل نے ہر اسکول کو اے اور او لیول امتحانات کی جانچی ہوئی کاپیاں دیکھنے کا حق دے دیا ہے اگر متاثرہ طالبعلم کو کم گریڈ کی شکایت ہے تو وہ متعلقہ اسکول کو درخواست دے کر اپنی کاپیاں دیکھ سکتا ہے۔

اگر کاپی میں یا نمبروں میں کوئی غلطی ہے یا ہوگی تو وہ درست کر دی جائے گی اور اس کی فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔ جب کہ پرائیوٹ امیدوار اپنی امتحانی کاپی دیکھنے کے لیے برٹش کونسل سے رجوع کرسکتے ہیں۔

عظمیٰ یوسف نے بتایا کہ پاکستان میں کیمبرج سے الحاق شدہ اسکولوں کی تعداد 850 ہے جن میں سے صرف کراچی میں اسکولوں کی 250 سے زائد ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دنیا میں سب سے زیادہ اے اور اولیول امتحان دینے والے طلبہ کی تعداد کا تعلق پاکستان سے ہے جہاں ایک لاکھ 30 ہزار بچے کیمبرج سے انرولڈ ہیں۔ تاہم پہلی تا آٹھویں تک صرف 50 اسکول کیمبرج سے الحاق شدہ ہیں۔ 

عظمیٰ یوسف نے بتایا کہ پہلی تا آٹھویں جماعت میں پاکستانی بچوں پر نصاب کا بہت دباؤ ہے جب کہ بچوں کا اسکول بستہ بہت بھاری ہوتا ہے اور بعض اوقات تو اتنا بھاری ہوتا ہے کہ بچوں سے اٹھایا نہیں جاتا اور ان کی کمر جھک جاتی ہے، لہٰذا نصاب کم اور اسکول بستہ ہلکا کرنے کی ضرورت ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ امتحانی پرچہ آؤٹ ہونا ایک عالمی مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں تاہم امریکا میں یو ایس ایم ایل ای کے پرچے بھی آؤٹ ہوگئے تھے جب کہ ہم نے پرچہ آؤٹ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی بھی کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا برٹش کونسل کے بغیر اسکولوں کو امتحانی مراکز بنانے کا تجربہ اچھا رہا، ہم مزید اسکولوں کو امتحانی مرکز بنائیں گے، انھوں نے کہا کہ اے اور او لیول امتحانات میں امیدواروں کے ساتھ ان کے والدین یا بہن بھائی بھی آجاتے ہیں جس کی وجہ سے جگہ کی کمی اور ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ 

عظمیٰ یوسف نے کیمبرج کی امتحانی فیس زیادہ ہونے کی نفی کی اور کہا کہ پاکستان سب سے کم فیس دیتا ہے جب کہ برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔

عظمیٰ یوسف نے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول کی تعلیم میں دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ ان سے ہمیشہ مثبت ملاقات رہی، جب کہ سندھ میں وزیر تعلیم سردار احمد شاہ سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ہر ضلع میں ایک سرکاری او لیول اسکول قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ غریب طلبہ کو بھی کیمبرج کی تعلیم مل سکے۔  تاہم اس کے لیے سب سے اہم پہلو اساتذہ کی تربیت ہے۔

ان کے مطابق او لیول پروگرام شروع کرنے کے لیے ارلی چائلڈ ایجوکیشن سے لے کر آٹھویں جماعت تک کئی اصلاحات کی ضرورت کرنی ہوگی تا کہ بچے اس نظام کے لیے ذہنی اور تعلیمی طور پر تیار ہو سکیں۔

قومی خبریں سے مزید