فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم سے ’متوقع مارکیٹ ویلیو‘ کا کالم ختم کر دیا۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متوقع مارکیٹ ویلیو کا کالم وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ختم کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کالم ختم کرنے کی منظوری وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی نے دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں آج ہی قائم کی گئی تھی جس نے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرنز میں شامل نئے کالم کا جائزہ لیا تھا۔
کمیٹی نے کالم کے اثرات کا جائزہ لیا اور ضروری اصلاحی اقدامات یا بہتری کی سفارشات تیار کیں۔
ایف بی آر کے مطابق کمیٹی میں وزیرِ پیٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے خزانہ، اٹارنی جنرل، سیکریٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور ممبر کسٹمز ایف بی آر بھی شامل تھے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے جائیداد کی متوقع مارکیٹ ویلیو کا کالم ختم کرنے کی سفارش وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھیجی تھی، انہوں نے کمیٹی کی سفارش منظور کرتے ہوئے کالم ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔
ایف بی آر نے اعلامیے میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر انکم ٹیکس ریٹرنز فارم سے ’متوقع مارکیٹ ویلیو‘ کا کالم ختم کر دیا گیا ہے، یہ کالم صرف معاشی سروے کے لیے اعداد و شمار جمع کرنے کے مقصد سے شامل کیاگیا تھا۔
اعلامیے میں ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس کالم کا آمدنی یا ٹیکس کی ذمے داری کے تعین سے کوئی تعلق نہیں تھا، ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ایف بی آر کا اعلامیے میں کہانا ہے کہ تمام اہل ٹیکس دہندگان اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز بر وقت، درست اور ایمانداری کے ساتھ فائل کریں، انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025ء ہے۔