وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں عزت مل رہی ہے، معاشی فائدہ بھی ملے گا، امریکی صدر نے وزیرِ اعظم کو خصوصی طور پر اپنے پاس بلایا۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شہباز شریف وزیرِ اعظم ہیں، ہر کوئی ان سے ملنا اور ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب گرین بسوں کے افتتاح کے لیے کل فیصل آباد آ رہی ہیں، مریم نواز نے عام آدمی کی ویلفیئر کے منصوبوں کو لانچ کیا ہے، گرین بسوں کا اقدام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔
رانا ثناء نے کہا کہ گرین بسوں کا منصوبہ مریم نواز کے ان گنت عوام دوست اقدامات میں سےایک ہے، عام آدمی کی ویلفیئر کو فوکس کیا ہے، کسان کارڈ سے مزدور کارڈ تک سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ عام آدمی پر سرمایہ کاری ہے، گرین بسوں کا کل شہر کے دو روٹس پر آغاز ہو جائے گا، منصوبے کے تحت 7 روٹس پر بسیں چلیں گی، 20 روپےکرایہ ہو گا، اسٹوڈنٹس، بزرگ شہری اور معذور افراد مفت سفر کریں گے۔
وزیرِ اعظم کے مشیر نے کہا ہے کہ 250 ارب روپے پر مبنی دوسرے ترقیاتی منصوبے بھی شروع ہو رہے ہیں، فیصل آباد کو واٹر سپلائی اور سیوریج سے متعلق منصوبہ 50 سے60 ارب روپے سے شروع ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ میٹرو کا منصوبہ بھی 100 ارب کا منصوبہ ہے، جو اسی سال مکمل ہو گا جبکہ واسا کے منصوبے 2 سال میں مکمل ہوں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سیلاب اچانک آیا اور اس قدر بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، 25 لاکھ لوگوں کو سیلاب زدگان نہیں اپنے مہمان قرار دیا۔