• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیارے ابا جان... حاجی سید بشیر حسین شاہ مشہدی

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

میرے بہت پیارےابّا، حاجی پیر سیّد بشیر حسین شاہ مشہدی انتہائی نیک سیرت اور بہادر انسان تھے۔ اُنھوں نے10سال افواجِ پاکستان میں خدمات انجام دیں۔ دورانِ ملازمت 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں حصّہ لیا، تمغے بھی حاصل کیے۔ فوج سے ریٹائرہونے کے بعد اپنے آبائی علاقے ’’جولیاں‘‘ میں مستقل قیام کرلیا، جہاں دُور دُور سے لوگ اُن سے دَم درود کروانے کے لیے آتے۔ 

وہ جولیاں، خان پور، ہزارہ، ٹیکسلا اور پنج کھٹہ میں ’’تنظیم السادات‘‘ کے چیئرمین بھی رہے۔ اپنے ملک سے بے حد محبت کرتے اور اکثر کہا کرتے کہ’’ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ جیسے سچّے اور مخلص رہنماسے نوازا، مگر پاکستانی حکم ران اُن کی تقلید نہ کرسکے۔‘‘

وہ پاکستان کے سابق چیف آف اسٹاف، جنرل ضیاء الحق اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹوکے علاوہ سابق گورنر سرحد، خان عبدالقیوم خان کے خاص معتقد تھے۔ انھوں نے تنظیم السادات کے چیئرمین کی حیثیت سے گورنمنٹ مڈل اسکول، جولیاں کی تعمیر کے علاوہ علاقے کی مساجد میں دینی مدارس بھی قائم کروائے۔ وہ اگرچہ بظاہر غریب، مگر دل کے بہت غنی تھے۔ 

ہر سال گھر میں آنے والی گندم، استعمال کرنے سے قبل علاقے کے غریبوں، یتیموں اور مساکین کو توڑے بھر بھر کے تقسیم کیا کرتے۔ گھر میں کوئی مہمان یا مرید آتا، تو اُسے کِھلائے پلائے بغیر واپس جانے نہیں دیتے۔ بعض مریدین کو تو اپنی جیب سےآمد و رفت کا کرایہ تک دیا کرتے۔

ہمہ وقت خلقِ خدا کی خدمت میں مصروف رہنے والے میرے ابّا18؍جنوری 2019ء کو خالقِ حقیقی سے جاملے۔ اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ میرے ابّا مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے، آمین۔ (سیّد افطار شاہ کاظمی، جولیاں، تحصیل خان پور، ضلع ہری پور)

سنڈے میگزین سے مزید