پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر اہم مسئلے پر ایوان کے اندر اور باہر ضرور احتجاج کرے گی۔
ایک بیان میں شیری رہنما نے کہا کہ جب کبھی سیلاب آیا یا ہمارے کینال کا ایشو ہو یا آبی ذخائر کا، ہم نے پنجاب سے کبھی ایسا رویہ نہیں رکھا، جس پر کوئی انگلی اٹھا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے اتحادیوں سے تمیز کے دائرے میں رہ کر بات کی ہے، سیلاب زدگان اس وقت بہت تکلیف سے گزر رہے ہیں۔
پی پی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ تمام صوبے پاکستان کے ہیں نہ کے کسی کی جاگیر ہیں، بہتری اس میں ہے کہ ہم ایک دوسرے کی بات کو سن لیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر اتحادیوں کا یہ رویہ رہے گا تو پیپلز پارٹی کا حکومت کا ساتھ دینے کا کیا فائدہ ہے؟ ٹی وی یا جلسوں میں الفاظ کی جنگ چھیڑنا ٹھیک نہیں ہے، عوام ہم سب کو دیکھ رہی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہتی ہے تو ہمارے لیے مشکل ہو جا تا ہے کہ ہم حکومت کا مستقل مزاجی سے ساتھ دیں جو ہم نے دیا ہے۔