بالی ووڈ کی اسٹائل آئیکون اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن نے پیرس فیشن ویک میں ہیرے جڑی شیروانی زیب تن کر کے جلوے بکھیر دیے۔
51 سالہ ایشوریا رائے بچن نے پیرس فیشن ویک میں اپنی شاندار موجودگی سے سب کی نظریں اپنی جانب مبذول کرا لیں اور پُراعتماد ریمپ واک کے ذریعے ایک بار پھر مداحوں کو متاثر کیا۔
اس بار اداکارہ نے انڈگو رنگ کی ایک نفیس اور جدید طرز کی شیروانی زیب تن کی، جسے ڈیزائنر منیش ملہوترا نے خصوصی طور پر تیار کیا۔
منیش ملہوترا کے مطابق یہ لباس مردانہ ورثے کی عکاسی کرتا ہے لیکن جدید نزاکت اور دلکشی سے مزین ہے، انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق شیروانی میں 10 انچ لمبے ہیرے جڑے کف، ڈائمنڈ اسکالپ، ٹسل ڈراپس اور جواہرات سے مزین بروچز شامل تھے۔
لباس میں رائزڈ بندگلا کالر، اسپلٹ نیک لائن، ہیروں والے بٹن، پیڈڈ شولڈر، فل لینتھ آستینیں اور فرنٹ و سائیڈ سلیٹس شامل تھے، باڈی ہگنگ ڈیزائن کے ساتھ فلیئرڈ پینٹس نے لک کو مکمل کیا، ایشوریا نے ہائی ہیلز، نفیس ہیرے کے اسٹڈز اور ایک نمایاں ڈائمنڈ رنگ کے ساتھ اپنی شخصیت کو مزید نکھارا۔
اداکارہ کی تصاویر اور ویڈیوز ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں اور مداح ان کے انداز کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔