پیرس فیشن ویک میں جہاں بھارتی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے ریمپ پر اپنی موجودگی سے سب کی توجہ حاصل کی وہیں بیک اسٹیج سے ایک دلچسپ لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
بھارتی میک اپ آرٹسٹ اور انفلوئنسر آدتیہ مدیراجو نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں ایشوریا رائے کے ساتھ پہلی بار ملاقات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس دوران آدتیہ نے ایشوریا رائے سے اپنی زندگی کا ذاتی قصہ بھی بیان کیا۔
ویڈیو میں آدتیہ نے ایشوریا کو بتایا کہ ’مجھے آپ سے کچھ کہنا تھا، میرا پارٹنر اور میں آپ کی وجہ سے ایک ساتھ ہیں،‘ یہ بات سُن کر ایشوریا حیران ہوگئیں اور فوراً پوچھا ’کیا؟‘
آدتیہ نے وضاحت کی کہ ہماری پہلی ملاقات پر ہم نے دو گھنٹے صرف آپ کے بارے میں بات کی تھی، بعد میں میرے پارٹنر نے مجھ سے کہا کہ ’میں نے تم سے شادی صرف اس لیے کی ہے کیونکہ تمہیں ایشوریا پسند ہے، یہی وجہ ہماری محبت کی بنیاد بنی۔‘
آدتیہ نے ایشوریا رائے سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ آپ کو قریب سے دیکھنا اور ملنا میرے لیے خواب جیسا ہے، آپ جیسی اداکارہ اور خاتون شاید ہی کوئی اور ہو۔