پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا فیصل اپنی چھوٹی بہو نیشا کے گُن گانے لگیں۔
صبا فیصل نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی چھوٹی بہو کی خوب تعریفیں کیں۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے کہا کہ نیشا کے آنے کے بعد ہمارے گھر میں بہت مثبت ماحول قائم ہوا، جب آپ اسے دیکھتے ہیں تو یہ کہہ سکتے ہیں کہ ایک سچے مسلمان کو ایسا ہی ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ جب نیشا کے والد کا انتقال ہوا اس وقت میں نے اسے زیادہ روتے ہوئے نہیں دیکھا، بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق صبر سے کام لیتے ہوئے اسے خدا کی رضا سمجھ لیا۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ نیشا کے والد کی وفات کے بعد ان کے بیٹے حذیفہ کی پہلی عید آئی تو میں اسے نئے کپڑے دیتے ہوئے سوچ رہی تھی کہ کہیں برا نہ مان جائے لیکن اس نے عید منائی اور کہا کہ بیٹے کی پہلی عید ہے، اس لیے والد کے غم میں اسے خراب نہیں کرسکتی، والد خدا کی امانت تھے، وہ وہاں چلے گئے۔
صبا فیصل نے کہا کہ میں اپنی بہو کی باتیں سن کر آبدیدہ ہو جاتی ہوں، کیونکہ اس کا اتنا اعتقاد اور عقیدہ پکا ہے کہ کوئی بھی بڑی سے بڑی چیز ہو جائے اس پر بھی وہ ٹینشن نہیں لیتی بلکہ اللّٰہ کا شکر ادا کرتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ چھوٹی بہو کے آنے کے بعد ان کا ڈپریشن بھی کم ہوا ہے، ان کے گھر اور زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔