پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب کسی کی ملکیت نہیں، یہ لہجے ہمیں پھر بڑے سانحے کی طرف لے جائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں پلوشہ خان اور ن لیگی سینیٹر افنان اللّٰہ خان نے شرکت کی اور حکمران اتحاد کی بڑی جماعتوں کے حالیہ اختلافی نکات پر گفتگو کی۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ مریم نواز اگر پانی کی بات نریندر مودی کو کہتی تو اچھا تھا، پنجاب کسی کی ملکیت نہیں،یہ لہجے پھربڑے سانحے کی طرف لے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یاد رکھیں حکومت کا جو یہ ڈھانچے کھڑا ہے اس میں پیپلز پارٹی کا بھی کردار ہے، ہم حکومت کا قانون سازی میں ساتھ نہیں دیں گے۔
پلوشہ خان نے کہا کہ اگر مریم نواز کو تنقید بری لگتی ہے تو ان کے بڑوں کو انہیں سمجھانا چاہیے کہ تنقید جمہوریت کا حسن ہے، وزیراعلیٰ پنجاب تنقید سن کر پریشان نہ ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ کو بےنظیر بھٹو پروگرام کے نام سے اتنی چڑ ہے تو اسی کا ڈیٹا استعمال کر کے آپ نے رمضان پیکیج بانٹا تھا۔
پی پی سینیٹر نے کہا کہ پنجاب جاتی امرا نہیں، جاتی امرا کا پانی اور زمین ان کی اپنی ہوگی، باقی پنجاب کسی کی ملکیت نہیں۔