• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلوٹیلا پر حملہ اسرائیلی ظلم کی نئی داستان ہے، شیری رحمان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے غزہ کے لیے امدادی قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ فلوٹیلا پر حملہ عالمی انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، پُرامن امدادی مشن کو نشانہ بنانا اسرائیلی درندگی کا تسلسل ہے، پُرامن امدادی مشن کے کارکنوں کی گرفتاری انسانی وقار کے منافی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ امداد کو روکنا اسرائیل کی بے رحمانہ پالیسیوں اور سامراجی ذہنیت کی عکاس ہے، اسرائیلی بربریت نے بین الاقوامی قوانین اور عالمی ضمیر کو روند ڈالا ہے، اسرائیلی بربریت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ فوری کارروائی کرے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کشتی میں سوار صحافیوں کو نشانہ بنانا اظہار رائے پر حملہ اور سچ کو دبانے کی کوشش ہے، دنیا فلسطین کے حق میں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو، عالمی طاقتیں اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی اقدام کریں۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ فلوٹیلا پر حملہ اسرائیلی گھبراہٹ کا مظہر اور ظلم کی نئی داستان ہے، اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا کی آواز دبانا ناقابلِ قبول ہے، امدادی قافلے پر حملے نے اسرائیل کا جابرانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے، اسرائیلی مظالم پر اب خاموشی کا وقت نہیں، مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا اور اسرائیل کو جوابدہ بنانا عالمی امن کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فلسطین پر مسلسل حملے، محاصرہ اور قحط اسرائیل کے ہاتھوں انسانیت کی تباہی کی عکاسی ہے، غزہ میں امداد کا مستحقین تک پہنچنا اولین ترجیح ہے، اسرائیلی بربریت بند اور خطے میں مستقل امن کا قیام ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید