• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 7 ماہ میں 10 ہزار 780 مقدمات نمٹائے، اعلامیہ

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے اسلام آباد ہائی کورٹ ٹرانسفر کے بعد سے نمٹائے گئے مقدمات کی تفصیل جاری کر دی گئی۔ 

عدالت عالیہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے 7 ماہ میں 10 ہزار 780 مقدمات نمٹائے، گزشتہ سال اس مدت میں 8 ہزار 254 مقدمات نمٹائے گئے تھے۔

اعلامیہ کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر نے 12 فروری کو قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا، ان کے اقدامات سے عدالتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ اعلامیہ کے مطابق نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق اصلاحات کی گئیں، 12 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 17 ہزار 756 تھی۔ 

اعلامیہ کے مطابق زیر التواء مقدمات کی تعداد 7 ماہ میں کم ہو کر 14 ہزار 590 رہ گئی، 7 ماہ میں 7,735 نئے مقدمات دائر ہونے کے باوجود زیر التواء مقدمات میں کمی آئی۔ 

اعلامیہ کے مطابق عدالتی نظام میں تاخیر اور زیرِ التواء مقدمات کے بڑھتے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے، زیر التوا مقدمات میں کمی عدالتی نظام کے فعال اور مؤثر سمت کی طرف بڑھنے کی عکاس ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں اور بزرگ شہریوں کے مقدمات کے لیے خصوصی بینچ قائم کیے گئے، حبس بے جا میں رکھے جانے کے خلاف کیسز کی اسی دن سماعت کا انتظام کیا گیا۔ 

اعلامیہ کے مطابق تعلیم، ریونیو، ٹیکس اور ماحولیاتی معاملات کے لیے الگ بینچز تشکیل دیئے گئے، زیرِ التواء ٹیکس مقدمات میں نمایاں کمی اور ریونیو کی بروقت وصولی ممکن ہوئی۔ 

اعلامیہ کے مطابق 5 مئی 2025 سے 9 جون 2025 تک خصوصی ڈویژن بینچ نے 179 ٹیکس ریفرنسز نمٹائے، فروری تا ستمبر 2025 کے دوران ایک اور ڈویژن بینچ نے 175 ٹیکس ریفرنسز نمٹائے۔

قومی خبریں سے مزید