وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر اتفاق رائے کر لیا ہے، جلد معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ معاہدے کے مسودے پر دونوں اطراف سے غور کیا جا رہا ہے۔
رکن حکومتی مذاکراتی کمیٹی احسن اقبال نے کہا کہ جلد معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے، یہ جیت پاکستان اور آزاد کمشیر کے عوام اور جمہوریت کی ہے۔ وزیر امور کشمیر کی نگرانی میں ایک مستقل کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی کا ہر 15 دن میں اجلاس ہوگا، جس میں مطالبات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں سے متعلق ایک آئینی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، آئینی ماہرین کی کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی، کمیٹی کے جائزے کے بعد جو فیصلہ کیا جائے گا وہ سب کو قبول ہوگا، یہ آئینی معاملہ ہے اس میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری عوام کے حقوق کے مکمل حامی ہیں، ان کے زیادہ تر مطالبات، جو عوامی مفاد میں ہیں، پہلے ہی منظور کیے جا چکے ہیں۔
وزیر پارلیمانی امور نے کہا تھا کہ باقی چند مطالبات جن کیلئے آئینی ترامیم درکار ہیں، ان پر بات چیت جاری ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ایکشن کمیٹی تمام مسائل کو پُرامن مکالمے کے ذریعے حل کرے گی، آزاد کشمیر زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔