• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز آئینی فورمز کی توہین کر رہی ہیں، نثار کھوڑو

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ مریم نواز آئینی فورمز کی توہین کر رہی ہیں۔

کراچی سے جاری بیان میں نثار کھوڑو نے کہا کہ ن لیگی سربراہ نواز شریف میں سیاسی سمجھ تھی کہ انہوں نے ماضی میں کالا باغ ڈیم کا اعلان واپس لیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز میں سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، اس لیے وہ آئینی فورمز کی توہین کررہی ہیں۔

پی پی سندھ کے صدر نے مزید کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے آئینی فورم نے متنازع کینال منصوبے کو مسترد اور دفن کردیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مریم نواز سی سی آئی کے آئینی فورم سے بالاتر نہیں، فورم کا فیصلہ ہے کہ جب تک تمام صوبے اتفاق نہیں کریں گے، تب تک کینال منصوبہ نہیں بنے گا۔

نثار احمد کھوڑو نے یہ بھی کہا کہ سندھ کو کسی صورت متنازع کینال منصوبے قبول نہیں، مریم نواز سی سی آئی کے فیصلے کی خلاف ورزی اور آئینی فورم کی توہین کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اپنے پانی پر کسی کو بھی ڈاکا ڈالنے نہیں دے گا نہ ہی کسی کو ڈیم بنانے دیں گے، سندھ کے پانی پر حملہ سندھ اور ملک کی وحدت پر حملہ تصور ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید