قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر ابرار احمد گزشتہ روز اپنی دلہنیا گھر لے آئے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 27 سالہ کھلاڑی کی بارات لے جاتے اور شادی ہال پہنچنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
اس کے علاوہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کھلاڑی کی چند تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔
اس موقع پر ابرار احمد اپنے دوستوں کے ہمراہ خوشگوار انداز میں دکھائی دیے، جبکہ ایک تصویر میں بارات لے جانے سے قبل وہ سیلون میں تیار ہوتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ابرار احمد گزشتہ روز کراچی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، جبکہ ان کا ولیمہ 6 اکتوبر کو ہوگا۔
واضح رہے کہ ابرار احمد 12 اکتوبر سے شروع ہونے والی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل ہیں۔
انہوں نے پہلی مرتبہ 2017 میں پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی، بعدازاں نوجوان اسپنر نے 2022 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے ذریعے ڈیبیو کیا اور اپنی عمدہ پرفارمنس سے انہوں نے پہلے ہی میچ میں 7 وکٹیں لے کر اپنی دھاک بٹھا دی۔