بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کی اہلیہ اور معروف رقاصہ ڈونا گنگولی نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ہتک آمیز اور توہین آمیز تبصروں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروادی ہے۔
پولیس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے یہ مبینہ ہراسانی اُن کے کولکتہ فلم فیسٹیول میں رقص کے بعد سامنے آئی۔ شکایت میں ایک مخصوص فیس بک پیج کا حوالہ دیا گیا ہے، جس پر ڈونا گنگولی کو نشانہ بنایا گیا۔
بدھ کی شام درج کروائی گئی شکایت میں ڈونا گنگولی نے الزام عائد کیا کہ اس فیس بک پیج کے ذریعے صارفین نے نہ صرف ان کی ’’باڈی شیمنگ‘‘ کی بلکہ ان کی توہین بھی کی، جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
ڈونا گنگولی نے پولیس کو ہتک آمیز پوسٹس کے اسکرین شاٹس اور اس فیس بک پیج سے منسلک ایک موبائل نمبر بھی فراہم کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور موبائل نمبر کے ذریعے مبینہ ملزمان کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔