• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریوس کیلسی نے شادی پر میرا نظریہ بدل دیا: ٹیلر سوئفٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے انکشاف کیا ہے کہ این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی ہی وہ شخص ہیں جس کی وجہ سے انہیں پہلی بار شادی پر یقین آیا۔

14 مرتبہ گریمی ایوارڈ جیتنے والی گلوکارہ نے برطانوی گلوکارہ ایما بنٹن کے ساتھ ایک ریڈیو شو میں گفتگو میں اپنی منگنی، شادی کے خیالات اور مستقبل کے منصوبوں پر کھل کر بات کی۔

ٹیلر سوئفٹ نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں شاید ہمیشہ سے شادی اور دلہن بننے کے خواب دیکھتی رہی ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے کبھی اس بارے میں سوچا ہی نہیں تھا نہ میں نے کبھی شادی کے خواب دیکھے تھے جب تک میں اُس شخص سے نہیں ملی تھی۔

 انہوں نے کہا کہ ٹریوس کیلسی سے ملنے کے بعد سب بدل گیا، اس کے ساتھ تعلق نے میری سوچ بالکل بدل دی، یہ پہلی بار ہے جب میں نے شادی کے بارے میں حقیقت میں سوچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری زندگی کا یہ نیا باب مجھے بے حد خوشی دے رہا ہے، میں اس نئے سفر کے لیے واقعی پُرجوش ہوں۔

ٹیلر نے ہنستے ہوئے مزید بتایا کہ میری قریبی سہیلیاں دنیا کے مختلف حصوں میں رہتی ہیں، جس کی وجہ سے بیچلوریٹ پارٹی کی منصوبہ بندی بھی ایک دلچسپ چیلنج بن گئی ہے۔

مداحوں نے میری منگنی کے بعد مجھے Married Life Era میں داخل قرار دیا، مگر میں نے نرمی سے اس تاثر کی تردید کی، میں ابھی صرف منگنی شدہ ہوں، یہ سب ابھی ہوا ہی ہے، میں اس لمحے کو جینے میں مصروف ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریوس نے منگنی کی پیشکش اپنے پوڈکاسٹ New Heights کے ایک ایپیسوڈ کی ریکارڈنگ کے فوراً بعد کی تھی۔

جب شادی کے شیڈول کے بارے میں پوچھا گیا تو ٹیلر نے کہا کہ فی الحال میری ترجیح میرا نیا البم The Life of a Showgirl ہے، شادی کی منصوبہ بندی بعد میں دیکھیں گے۔

یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی دونوں کی عمر 35 سال ہے اور انہوں نے 26 اگست کو اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید