معروف پاکستانی اداکار گوہر رشید نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں بتایا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ڈرامہ’کیس نمبر 9‘ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
گوہر رشید کے مطابق اس بار اسکرپٹ بہت غیر مؤثر انداز میں سنایا گیا تھا، جس کی وجہ سے میں نے ڈرامہ سے انکار کر دیا، چند ہفتے بعد صبا قمر نے مجھ سے رابطہ کیا اور اس کردار کے لیے آمادہ کیا، ساتھ ہی ڈائریکٹر سے بات کرنے کا مشورہ دیا، جب میں نے ڈائریکٹر سے خود اس کہانی کو سنا تو احساس ہوا کہ یہ بالکل مختلف اور مضبوط اسکرپٹ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب مجھے معلوم ہوا کہ اسکرپٹ شاہزیب خانزادہ نے لکھا ہے تو میں شک میں مبتلا تھا، کیونکہ میرے خیال میں ایک صحافی کیسے ڈرامہ لکھ سکتا ہے؟ لیکن جب میں نے اسے پڑھا تو تفصیل اور تحقیق سے متاثر ہوگیا۔
گوہر رشید نے ڈرامے میں صبا قمر کے ساتھ تفتیشی مناظر کے بارے میں بھی بتایا کہ اس دوران مجھے انتہائی سخت اور خوفناک ڈائیلاگ دیے گئے، جنہیں پڑھ کر میں خوفزدہ ہو گیا تھا، میں نے ڈائریکٹر اور اسکرپٹ رائٹر سے درخواست کی کہ ڈائیلاگز میں نرمی کی جائے، لیکن مجھے سمجھایا گیا کہ یہ وہی عام سوالات ہیں جو زیادتی کے شکار افراد سے کیے جاتے ہیں اور پولیس اسٹیشنز کے ایس او پیز کا حصہ ہیں، اس وضاحت کے بعد میں نے ڈائیلاگز ادا کیے، اگرچہ مجھے یہ سین ذاتی طور پر بہت مشکل لگا۔
گوہر نے مزید کہا کہ صبا قمر ہمیشہ میرے لیے ایسے کردار منتخب کرتی ہیں جو یادگار ہوں، دونوں کرداروں، شوکت اور انسپکٹر شفیق کے لیے درست پیش گوئی کی اور دونوں کردار ناظرین کو پسند آئے۔