امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی منگنی امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی سے ہوئی ہے اور دونوں بہت جلد شادی کرنے والے ہیں، ایسے میں گلوکارہ کی انگوٹھی کی ہوش اڑانے والی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
ٹریوس کیلسی نے ٹیلر سوئفٹ کو ایک نایاب اور قیمتی انگوٹھی پہنا کر یادگار انداز میں پرپوز کیا، ٹریوس نے خاص طور پر ٹیلر کے لیے انگوٹھی کا ایک انوکھا اور تاریخی ڈیزائن تیار کروایا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کی انگوٹھی میں 10 سے 20 قیراط کا نایاب اینٹیک کشن کٹ ہیرا جڑا ہے جو 18 قیراط سونے میں سیٹ کیا گیا ہے، یہ ڈیزائن 18ویں صدی کے انداز سے متاثر ہے۔
جیولری انفلوئنسرز اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس انگوٹھی کی کم از کم قیمت 5 لاکھ سے 50 لاکھ ڈالر تک بنتی ہے، جو اسے شوبز کی مہنگی اور نمایاں انگوٹھیوں میں شامل کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں استعمال ہونے والا اولڈ مائن ڈائمنڈ نایاب اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے جو ہاتھ سے تراشنے کی تکنیک سے تیار کیا گیا ہے۔
جیولری کے ماہر بینجمن خوردی پور نے کہا کہ یہ انگوٹھی بلاشبہ وکٹورین دور کی یاد دلاتی ہے، جسے اس کے باریک کام، کندہ کاری اور ڈیزائن سے پہچانا جاسکتا ہے، مرکزی ہیرا ممکنہ طور پر 8 قیراط وزنی ہے اور انگوٹھی کے شانوں پر چھوٹے ہیروں اور نفیس ہاتھ کی کاریگری کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ کی منگنی کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور دونوں کے لیے نیک خواہشات بھیجیں۔