ہندی اور سائوتھ کی فلموں کے معروف اداکار اور بھارتی پارلیمنٹ کے تامل ناڈو سے رکن کمل ہاسن نے اپنے اوپر فلمائے گئے گانے الگنایگن کے غیر مجاز استعمال کے خلاف شخصی حقوق کے تحفظ کے لیے مدراس ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
گانا 2008ء کی تامل فلم داساوتھارم کا ہے، 71 سالہ کمل ہاسن نہ صرف اس فلم کے مصنف تھے بلکہ مرکزی کردار بھی انہوں نے ہی ادا کیا تھا۔
کمل ہاسن نے عدالت میں دائر اپنی درخواست میں اپنے نام، تصویر اور لقب کے غیر مجاز، غلط اور غیر قانونی استعمال کو روکنے کی استدعا کی ہے اور چنئی کی ایک فرم کی مثال دی ہے جو بنا اجازت کمل ہاسن سے متعلق اشیا فروخت کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کمل ہاسن فلم نہیں بلکہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے اپنے جرات مندانہ مؤقف کی وجہ سے زیر بحث ہیں۔ انہیں شکایت اس بات پر ہے کہ ان کی مبینہ شبیہ کو غلط طور پر اور منافع کمانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
کمل ہاسن کا یہ اقدام ایشوریہ رائے، کرن جوہر اور نگرجونا اکینی نی جیسے دیگر فلمی شخصیات کے اقدامات کی کڑی معلوم ہوتا ہے۔
انہوں نے اپنے شخصی حقوق کے تحفظ کے لیے مدراس ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، جس میں اپنے نام اور شخصیت سے وابستہ کسی بھی خصوصیت کا پیشگی اجازت کے بغیر غیر قانونی استعمال سے روکنے کی استدعا کی ہے اسکی کی سماعت 12 جنوری کو ہوگی۔