سینئر پاکستانی ٹیلی وژن اداکار کامران جیلانی کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے، ان کا بریک تھرو پراجیکٹ پی ٹی وی کا ڈرامہ شام سے پہلے تھا، جس کے بعد وہ بلاک بسٹر ڈرامہ مہندی میں فضا علی کے مدمقابل نظر آئے۔
کامران جیلانی ایک مضبوط فنکارانہ پس منظر رکھتے ہیں، ان کے والد مرحوم قربان جیلانی اور بھائی عدنان جیلانی بھی نامور اداکار ہیں۔
کامران جیلانی کے دیگر نمایاں ڈراموں میں مریم، بندھے ایک دور سے، روشنی، سدا سکھی رہو، داسی، دل عشق، اڑان، انابیہ، تجھ پہ قربان، خلش، فتوُر اور من مست ملنگ شامل ہیں، جبکہ حال ہی میں ناظرین نے انہیں ’کیس نمبر 9‘ میں بھی بے حد پسند کیا۔
حال ہی میں کامران جیلانی نے جیو ٹی وی کے مقبول ٹاک شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی دلچسپ محبت کی کہانی اور شادی کے بعد کی زندگی پر کھل کر بات کی۔
اپنی آن لائن محبت کے آغاز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کامران جیلانی نے بتایا کہ میری ملاقات اپنی اہلیہ سے انٹرنیٹ پر سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ اورکٹ (Orkut) کے ذریعے ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں فطرتاً شرمیلا اور سست مزاج ہوں، تاہم میرے دوست عرفان موتی والا نے میری انٹرنیٹ کے استعمال میں مدد کی۔
کامران جیلانی کے مطابق اورکٹ پر بات چیت کے دوران دونوں کے درمیان دوستی ہوئی، جس کے بعد نمبرز کا تبادلہ ہوا، اس وقت میری اہلیہ راولپنڈی اسلام آباد میں رہتی تھیں جبکہ میں خود کراچی میں مقیم تھا، بعد ازاں میں اسلام آباد گیا اور وہاں ملاقات ہوئی، پھر میری اہلیہ کراچی آئیں جہاں دوبارہ ملاقات ہوئی اور یوں صرف سات ماہ کے اندر دونوں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
شادی کے بعد کی زندگی پر بات کرتے ہوئے کامران جیلانی نے اپنی اہلیہ کی تعریف کی اور کہا کہ اچھی بیوی انسان کی زندگی میں مثبت تبدیلی لے کر آتی ہے، بیوی انسان کے لیے جنت یا جہنم کا فیصلہ کرتی ہے اور میرے معاملے میں یہ بات بالکل درست ثابت ہوئی میری اہلیہ نے مجھے ایک بہتر انسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔