• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈین آئیڈل تھری کے فاتح گلوکار پرشانت تمانگ انتقال کر گئے

فوٹو فائل
فوٹو فائل

مشہور گلوکار اور اداکار، انڈین آئیڈل سیزن تھری کے فاتح پرشانت تمانگ نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے 43 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

انڈین آئیڈل 2007 کے فاتح، گلوکار اور اداکار پرشانت تمانگ نہ صرف ایک کامیاب گلوکار تھے بلکہ انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

وہ ویب سیریز ’پاتال لوک 2‘ میں اپنی اداکاری کے باعث بھی خاصے مقبول ہوئے تھے، ان کی سادہ مزاجی اور عوام سے جڑے رہنے کا انداز انہیں دیگر فنکاروں سے ممتاز کرتا تھا۔

پرشانت تمانگ کے انتقال پر ملک بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ پرشانت تمانگ کی "اچانک موت" سے دل گرفتہ ہیں۔

انڈین آئیڈل تھری کے رنر اپ، امیت پال نے بھی انسٹاگرام پر جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک اس خبر پر یقین نہیں کر پا رہے۔

پرشانت تمانگ کی وفات سے بھارتی موسیقی ایک ایسی آواز سے محروم ہو گئی ہے، جس نے نہ صرف مقابلے جیتے بلکہ دلوں میں بھی اپنی جگہ بنائی۔

ان کے مداح انہیں ایک باصلاحیت فنکار، عاجز انسان اور ایک متاثر کن شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید