کمپیٹیشن کمیشن کی جانب سے ہاؤسنگ سوسائٹیز کی گمراہ کُن تشہیر کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سی سی پی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف انکوائری کی جائے گی، کمپیٹیشن کمیشن کے مارکیٹنگ انٹیلیجنس یونٹ نے ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔
سی سی پی کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹیز کے غلط، جھوٹے دعوؤں پر قانونی کارروائی کی جائے گی، کمپیٹیشن کمیشن نے عوام سے شواہد اور شکایات جمع کروانے کی اپیل کی ہے۔
سی سی پی کا کہنا ہے کہ کئی ہاؤسنگ سوسائٹیز گمراہ کُن تشہیر کے لیے اسلام آباد کا نام استعمال کرتی ہیں، این او سی اور سی ڈی اے وابستگی کے جھوٹے دعوے کیے جاتے ہیں، ترقیاتی کام کے بارے میں اشتہارات میں جعلی تصاویر، ویڈیوز کے استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
سی سی پی کے مطابق بجلی، گیس، پانی اور دیگر سہولتوں کے جھوٹے دعوے کیے جاتے ہیں، گمراہ کُن مارکیٹنگ کے لیے مشہور شخصیات اور کھلاڑیوں کو اشتہارات میں استعمال کیا جاتا ہے اور ڈویلپمنٹ چارجز کے نام پر چھپے ہوئے چارجز لیے جاتے ہیں۔
سی سی پی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ نامکمل منصوبوں پر غیر حقیقی منافع کے وعدوں کی شکایات ہیں، خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کو گمراہ کر کے سرمایہ کاری کروائی جاتی ہے جو کہ گمراہ کُن تشہیر کمپیٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، گمراہ کُن مارکیٹنگ پر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔