• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا ورلڈکپ 2026ء کیلئے پاکستان میں تیار کردہ آفیشل فٹبال کی رونمائی

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

فیفا ورلڈکپ 2026ء کے لیے پاکستان میں تیار کردہ آفیشل فٹبال کی رونمائی کر دی گئی۔

اس آفیشل فٹبال کو پاکستانی کمپنی’فارورڈ اسپورٹس‘ نے سیالکوٹ میں تیار کیا ہے اور اس کا ڈیزائن ایڈیڈاس نے دیا ہے جو میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کے اتحاد کی علامت ہے، اسی لیے اس کا نام ’ٹریونڈا (Trionda)‘ رکھا گیا ہے۔

ہسپانوی زبان میں لفظ’ٹریونڈا‘ کا مطلب ’تین لہریں‘ ہے، یہ نام میزبان ممالک کے درمیان تعاون کی عکاسی کرتا ہے اور فٹبال کے ڈیزائن کے لیے منتخب کردہ سرخ، سبز اور نیلے رنگ ان تنیوں ممالک کے قومی رنگوں سے متاثرہ ہے اور سنہری رنگ سے کی گئی نقش و نگاری فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائندگی کرتی ہیں۔

فٹبال کے ڈیزائن میں کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کی قومی علامتیں بھی شامل کی گئی ہیں۔

چار پینل پر مبنی یہ فٹبال تمام موسمی حالات میں قابلِ استعمال ہے، اس میں جدید ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔

فٹبال میں 500 ہرٹز کی موشن سینسر چپ بھی موجود ہے جو گیند کی ہر حرکت کو ریکارڈ کرتی ہے اور اس کا ڈیٹا براہ راست ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) سسٹم سے منسلک ہوگا تاکہ میچ کے دوران فیصلہ سازی آسان ہو۔

واضح رہے کہ پاکستانی کمپنی ’فارورڈ اسپورٹس‘ نے 2014ء، 2018ء، 2022ء اور اب 2026ء کے لیے ورلڈ کپ کی آفیشل فٹبالز کی تیاری کی میراث کو جاری رکھ کر عالمی سطح پر پاکستان کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 

یاد رہے کہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والی زیادہ تر فٹبالز کو پاکستان میں تیار کیا جاتا ہے اور ’فیفا کلب ورلڈکپ 25 پرو بال‘ کو بھی پاکستان میں ہی تیار کیا گیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید