صدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان سیاسی کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی ہدایت کردی۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان اختلافات کے خاتمے کی کوششیں جاری ہیں، صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بلاؤل ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سندھ اور پنجاب حکومت کے درمیان جاری تناؤ پر گفتگو کی۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی، صدرِ مملکت نے وزیرِ داخلہ کو موجودہ سیاسی حالات میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی، دونوں نے اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی طلبی پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کراچی پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری ہے۔