پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی سنجیدہ ہے تو عدم اعتماد لے کر آئے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے حکومت سے جان چھڑائی جائے تو عدم اعتماد ضروری ہے۔
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بغیر کسی شرط کے پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی، ہمیں کچھ نہیں چاہیے، اس ناجائز حکومت کو پیپلز پارٹی نے کندھا دیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں جو ظلم ہوا پیپلز پارٹی والے وہ مراعات بھی لے رہے ہیں، جو قانون سازی ہو رہی ہے اس میں پیپلز پارٹی برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اس میں بھی پیپلز پارٹی برابر کی شریک ہے، پیپلز پارٹی اس سب سے جان چھڑانا چاہتی ہے اور آئین کی بحالی چاہتی ہے تو عملی اقدام کرے، اگر پیپلز پارٹی آئین کی بحالی کی کوشش کرتی ہے تو آئیں اکٹھے بڑھتے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے شرط یہ ہے کہ وہ عدم اعتماد لے کر آئے تاکہ علم ہوسکے کہ وہ سنجیدہ ہے، ہم بغیر کسی معاہدے اور بغیر کسی شرط پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے جو گناہ ہیں شاید وہ دھل جائیں۔