وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے استفسار کیا ہے کہ شعلے اگلتی زبانوں کے ساتھ ہم سے سیزفائر کی امید کیسے رکھی جاسکتی ہے؟
پی پی رہنماؤں کے بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ کسی وڈیرے کی جاگیر نہیں، ایک طرف یہ سیزفائر کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف ہر گھنٹے بعد ہوائی فائرنگ کرنے آجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس کو دیکھو وہ جھاڑ پونچھ کرکے گھر سے نکلتا ہے اور مائیک آگے رکھ کے بیٹھ جاتا ہے، ان کے مسلسل اشتعال کے بعد تھوڑا سا جواب آتا ہے، تو یہ رونے بیٹھ جاتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جمہوریت کا لیکچر ہمیں مت دیں، آپ نے جمہوریت اپنے نازک کندھوں پر نہیں اٹھائی ہوئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ دن رات ہماری لیڈرشپ پر حملے کریں گے تو کیا ہم انہیں پھولوں کے ہار پہنائیں گے؟ ہماری لیڈرشپ کی اعلیٰ ظرفی ہے جو ذاتی حملوں کے بعد بھی خاموش ہے۔