کراچی کی نجی رہائشی سوسائٹی کے گھر میں ویڈ کی کاشت کاری بے نقاب ہو گئی۔
نارتھ ناظم آباد سے متصل نجی رہائشی سوسائٹی کے ایک گھر سے منشیات ’ویڈ‘ کے پودے برآمد کر لیے گئے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے مطابق گرفتار ملزم تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے منشیات کے خلاف نارتھ ناظم آباد کے قریب نجی سوسائٹی میں ویڈ کی خفیہ کاشت کاری کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور الہیٰ مزاری کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد سلمان سردار کے نام سے ہوئی ہے، جو خفیہ طور پر گھر میں ویڈ اُگا کر مختلف علاقوں، خصوصاً تعلیمی اداروں کے قریب فروخت کرتا تھا۔
محکمۂ نارکوٹکس نے کارروائی کے دوران گھر سے ویڈ کے 45 پودے، 42 گرام تیار ویڈ اور 30 گرام ویڈ کے بیج برآمد کیے ہیں، برآمد شدہ پودوں کا وزن تقریباً 10 سے 12 کلوگرام بتایا گیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی مالیت 6 کروڑ روپے کے قریب ہے، ملزم نے بتایا ہے کہ اُس نے ارمغان کیس کو دیکھنے کے بعد یہ طریقہ اپنایا ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔