کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، دشمن کی جغرافیائی برتری کے کسی بھی تصور کو نیست و نابود کر دیں گے۔
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج ملکی دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ہر میدان میں ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشت گردی اور جرائم کا گٹھ جوڑ ریاست اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کے شرکاء نے کہا کہ مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشت گردی اور جرائم کا گٹھ جوڑ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمے دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات بھارت کی پرانی عادت ہیں اور سیاسی مفادات کے لیے جنگی جنون پیدا کرنے کا تسلسل ہیں، ایسے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن و استحکام کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، دشمن کی جغرافیائی برتری کے کسی بھی تصور کو نیست و نابود کر دیا جائے گا، کسی بھی ’نئے نارمل‘ کا مقابلہ ایک نئے، تیز اور مؤثر جوابی نارمل سے کیا جائے گا۔
فورم کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد گروہوں کے نیٹ ورکس مکمل ختم کیے جائیں گے، "فتنہ الخوارج" اور "فتنہ الہندوستان" کے نیٹ ورکس مکمل ختم کیے جائیں گے، اس کے لیے جامع انسداد دہشت گردی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
آرمی چیف نے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کے جذبے، عزم اور حوصلے کو سراہا، جبکہ سیلابی صورتِ حال میں امدادی اور بحالی سرگرمیوں میں پاک فوج کے کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو سراہا اور علاقائی و عالمی امن کے عزم کو دہرایا، فورم نے پاکستان سعودی عرب تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب معاہدے کا مقصد دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانا ہے، معاہدے کا مقصد بیرونی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے، پاکستان سعودی عرب معاہدہ دو طرفہ باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور خطے کے امن و استحکام کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
فورم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، متعلقہ یواین قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کےحقِ خود ارادیت تسلیم کرنے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا، فورم نے فوری جنگ بندی اور غزہ کے عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا، فورم نے پاکستان کا اصولی مؤقف دہرایا کہ مسئلہ فلسطین کا حل صرف دو ریاستی فارمولے میں ہے، 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور القدس دارالحکومت ہونا چاہیے۔
آرمی چیف نے کہا کہ تمام کمانڈرز آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، جدیدیت اور ذمہ داری کا معیار برقرار رکھیں، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج کی مکمل صلاحیت اور تیاری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، فوج روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ یا غیر متوازن نوعیت کے مؤثر مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔