• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین روزہ پاکستان میوزک فیسٹیول2025 اختتام پذیر، درجنوں فنکاروں کی شرکت

کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پاکستانی لیجنڈ گلوکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کےلیے تین روزہ ”پاکستان میوزک فیسٹیول2025“ سُروں کا جادو پھیلاتے ہوئے کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔

فیسٹیول کے دوسرے روز چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، چیئرمین میوزک کمیٹی امجد حسین شاہ، چیئرمین وومن امپاورمنٹ چاند گل شاہ سمیت فنکاروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوش ہونا ہمارا حق ہے آج یہاں عوام کا ایک ہجوم ہے، ہال میں بیٹھنے تک کی جگہ نہیں، بہت دنوں سے ہمارا بین الاقوامی، پاپ، جین زی میوزک ہو رہا ہے، اتنے شاندار لوگ یہاں موجود ہیں، پوری دنیا میں آرٹس کونسل کے علاوہ کوئی ادارہ آپ کو فری تفریح فراہم نہیں کررہا۔ 

انھوں نے کہا کہ ہم نے میوزک فیسٹیول میں پاکستان کے لیجنڈ گلوکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ میں ایک سال سے ورلڈ کلچر فیسٹیول کے پروجیکٹ پر کام کر رہا ہوں جس میں پوری دنیا سے 142 ممالک کے فنکار آرٹس کونسل آرہے ہیں۔ اتنے بڑے پیمانہ پر فیسٹیول کا انعقاد ناممکن سی بات تھی مگر آپ کا صوبہ اس کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے، تھیٹر، میوزک، ڈانس اور فلم کے ڈائریکٹرز سب یہاں آئیں گے، 28 ملکوں کے پینٹرز بھی یہاں موجود ہوں گے، آپ سب کو ”ورلڈ کلچر فیسٹیول“ میں 40 دن ہمارے ساتھ رہنا ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2500 ایوارڈز یافتہ فلمیں ہمیں مل چکی ہیں جو ہم روزانہ فری دکھائیں گے، ورکشاپس ہوں گی جس میں دنیا بھر کے میوزک، تھیٹر، ڈانس کے ماسٹرز آپ کو فن سکھائیں گے، ہم نے حیدر آباد میں 13 دن کا تھیٹر فیسٹیول کیا، اس سے پہلے حیدر آباد، سکھر اور کراچی میں لاکھوں افراد پر مشتمل آزادی فیسٹیولز کئے۔ 

10 اکتوبر سے شروع ہونے والا ”پاکستان میوزک فیسٹیول“ 12اکتوبر تک جاری رہا جس کے پہلے روز گلوکار کرم عباس، شبانہ کوثر، شیراز صدیقی، شازیہ کوثر، عمران علی، وہاب خان، کامران جعفری، نرودھا مالنی، سندھیا، رینا عرفان، وحید خیال، شاہ زیب علی، عزیز وارث، صغیر احمد، کائنات جان، نند لال، محمد علی شہکی، عتیق ساون، نیوٹن مشتاق، وحید رمضان، جلال شیخ اور حمزہ بابر نے سازوں کی دھن پر شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

جبکہ دوسرے روز معروف گلوکارہ حمیرا چنا، اخلاق بشیر، جمال اکبر، تنویر آفریدی، نوید جعفری، شہنیلا علی، عارف انصاری، ساجد علی، انجمن عرفان، ایرک جونسن ، نرمیلہ موغاری، اکبر تیموری اور خادم حسین نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔

پاکستان میوزک فیسٹیول کے آخری روز معروف گلوکار غلام عباس، عروسہ علی، فیصل لطیف، حنیف اخلاق، کامران سگو، عمران جاوید، سونیا خان، عمران ناشاد، ڈاکٹر ہما میر، انینہ فدا، عابدہ حسین، صفدر ضیا، نوید تاج اور شاہ رخ عباس نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور ہال میں بیٹھے لوگوں سے خوب داد وصول کی، آرٹس کونسل کی فضائیں تین روز تک سدا بہار گیتوں سے گونجتی رہی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید