امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصر میں منعقدہ غزہ امن سربراہی اجلاس کے دوران اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی سے متعلق ایک غیر متوقع بیان دے کر بین الاقوامی سطح پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اجلاس کے دوران میلونی اسٹیج پر موجود تقریباً 30 عالمی رہنماؤں میں واحد خاتون تھیں۔
ٹرمپ نے خطاب کے دوران اطالوی وزیرِ اعظم کو مخاطب کرتے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اگر کسی عورت کو ’خوبصورت‘ کہوں تو امریکا میں سیاسی کیریئر ختم ہو جاتا ہے لیکن میں یہ خطرہ مول لے رہا ہوں، آپ ایک خوبصورت نوجوان خاتون ہیں۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ میلونی کی جانب مڑے اور کہا، ’آپ کو خوبصورت کہلوانے پر اعتراض تو نہیں؟ کیونکہ آپ واقعی خوبصورت ہیں۔‘
میلونی اس موقع پر ٹرمپ کے پیچھے کھڑی تھیں اور اِن کا فوری طور پر دیا گیا ردِعمل کیمرے کی آنکھیں قید کرنے میں ناکام رہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ میلونی ایک ’ناقابلِ یقین‘ سیاسی رہنما ہیں جنہیں اٹلی میں بہت احترام حاصل ہے اور وہ ایک کامیاب سیاست دان کے طور پر اُبھری ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ ماضی میں بھی خواتین سے متعلق بیانات اور الزامات کے باعث شدید تنقید کا سامنا کر چکے ہیں۔
حالیہ دنوں میں ایک امریکی عدالت نے مصنفہ ای جین کیرول کے ہتکِ عزت کیس میں صدر ٹرمپ پر بھاری جرمانہ بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا ہے۔