کہا جاتا ہے کہ ہر اختتام اداسی نہیں لاتا، کچھ اختتام نئے آغاز کا پیغام ہوتے ہیں، ایسا ہی ایک منفرد واقعہ بھارت میں دیکھنے کو ملا جہاں ایک شخص نے اپنی طلاق کو غم کے بجائے جشن میں بدل دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلاق یافتہ شخص اپنی ماں کے ساتھ ایک روایتی رسم ابھشیکم میں شریک ہے، یہ رسم عام طور پر ہندو مذہب کے تہوار پر دودھ بہا کر پاکیزگی اور نئے آغاز کی علامت کے طور پر کی جاتی ہے تاہم، اس شخص نے یہ عمل اپنی طلاق کے بعد نئے سفر کی شروعات کے طور پر کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماں بیٹے پر دودھ بہا رہی ہیں جبکہ وہ مسکراتے ہوئے یہ سب انجوائے کر رہا ہے، رسم کے بعد اس نے نئے لباس زیبِ تن کیے اور کیک کاٹا۔
ویڈیو کے ساتھ اس نے کیپشن میں لکھا کہ خوش رہیں، اپنی زندگی کا جشن منائیں، افسردہ نہ ہوں، میں اب سنگل ہوں، خوش اور آزاد ہوں۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر تین ملین سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے اور صارفین کے درمیان گرماگرم بحث کا باعث بن گئی ہے، کچھ صارفین نے اس کے مثبت انداز کی تعریف کی، تو دیگر نے طنز کرتے ہوئے اُسے ’ماں کا لاڈلا‘ قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ مبارک ہو دونوں کو، وہ بھی اب ایک زہریلے رشتے سے آزاد ہو گئی ہے، دوسرے نے تبصرہ کیا کہ ماں کا لاڈلا! اب وہ سکون میں ہے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ جب ایک باپ نے اپنی بیٹی کی طلاق پر خوشی منائی تھی تو سب نے اُسے برا بھلا کہا، اب سب تعریفیں کر رہے ہیں۔
جبکہ ایک اور نے لکھا کہ الگ ہونا افسردگی سے بہتر ہے، زندگی کے نئے سفر کا لطف اٹھاؤ۔