پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینئر سیاست دان اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی کے انتقال پر اِن کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آغا سراج درانی کی جمہوریت کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی تحمل اور بردباری کا ایک روپ تھے، ان کی جدائی سے آج ایک عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے آغا سراج درانی کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔
یاد رہے کہ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی انتقال کر گئے ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے آغا سراج درانی کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔