آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ’ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء‘ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بریفنگ دی۔
پریس کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء کا آغاز 30 اکتوبر سے ہو گا، 39 روزہ فیسٹیول 7 دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گا، جس میں 141 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 45 تھیٹر، 60 میوزک، 25 ڈانس پرفارمنس ہوں گی جبکہ 6 ایگزیبیشن میں 25 بین الاقوامی اور 30 قومی سطح کے مصور حصہ لے رہے ہیں، 25 تربیتی نشستیں اور 15 ٹاکس رکھی گئی ہیں۔
فیسٹیول میں 1000 سے زائد فنکار پرفارم کریں گے جن میں پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں، ورلڈ کلچر فیسٹیول میں دنیا کے لوگوں کو دکھانا چاہتا ہوں کہ ہم امن پسند قوم ہیں، میں میڈیا کا شکر گزار ہوں جو ہمارے صوبے اور پاکستان کا مثبت چہرہ پوری دنیا میں دکھاتا ہے ،آرٹس کونسل آپ کا گھر ہے آپ نے پوری دنیا میں اسے دکھانا ہے۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ دوسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول پر ہم نے پچھلے سال ہی کام شروع کردیا تھا، یہ دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول ہو گا، شہر کے حالات خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، تشدد پسند عناصر کا خاتمہ ہونا چاہیے کیونکہ ہم خوش رہنا چاہتے ہیں اور جو ہماری خوشیوں میں رکاوٹ بنے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ 2800 سے زائد فلمیں ہمیں موصول ہوچکی ہیں جو اب تک کوئی اور ملک کسی فیسٹیول میں حاصل نہیں کرسکا، ہمیں اسرائیل اور بھارت کے فلم میکرز نے بھی فلمیں بھیجی ہیں لیکن مودی کی وجہ سے ان کو جان کا خطرہ ہو سکتا ہے، جہاں نسل کشی ہو رہی ہو اس میں ان کے آرٹسٹوں کا کوئی قصور نہیں ہے، غزہ میں جو بچے اور عورتیں شہید ہو رہے تھے، دو دن پہلے امن کا معاہدہ ہوا ہے، ایسے حالا ت میں اس ورلڈ کلچر فیسٹیول کا ہونا بہت ضروری ہے، آنے والے دنوں میں پوری دنیا کی ثقافت کا نیوکلس کراچی منتقل ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان، اکبر خمیسو خان، مائی ڈھائی، صنم ماروی اور اختر چنال بھی فیسٹیول میں پرفارم کریں گے، ہم امیجز فیسٹیول، ماحولیاتی تبدیلی پر آگاہی ورکشاپ کے ساتھ روزانہ 4 بجے فلم دکھائیں گے، جس میں شارٹ فلمیں بھی شامل ہیں، فلم ڈائریکٹرز بھی یہاں آئیں گے۔
صوبائی وزیرِ ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ یہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول‘ کا سیکنڈ ایڈیشن ہے، پچھلے سال فیسٹیول میں 42 ممالک نے شرکت کی، اس مرتبہ 141 ممالک شریک ہورہے ہیں، فیسٹیول میں آئے ہوئے آرٹسٹ اپنے اپنے ملکوں میں اچھی یادیں لے کر واپس گئے، اس طرح کے فیسٹیول سے پاکستان کا مثبت چہرہ پوری دنیا میں جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فیسٹیول کے انعقاد کے لیے آرٹس کونسل کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے، ہم بین الاقوامی فنکاروں کو سندھ کا ثقافتی ورثہ دکھائیں گے تاکہ دنیا کو پتہ چلے کہ ہم دہشت گرد قوم نہیں۔
فیسٹیول میں 141 ممالک شرکت کررہے ہیں جس میں افریقہ سے 37 ، ایشیاء سے 41، یورپ سے 36، ساﺅتھ امریکا سے 11، نارتھ امریکا سے 13، اوشیانا سے 3 شہروں کے فنکار آرٹس کونسل میں پرفارم کریں گے۔
واضح رہے کہ 30 اکتوبر سے شروع ہونے والا ’ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء‘ 7 دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گا جس میں زیادہ تر عوام کو مفت تفریح فراہم کی جائے گی۔