• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کو سنبھالنا صرف پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو آتا ہے، برطانوی اخبار

برطانوی اخبار دی گارجین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سنبھالنا صرف پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو آتا ہے۔

اخبار نے لکھا کہ شرم الشیخ میں ٹرمپ نے کئی عالمی رہنماؤں کو زچ کیا، اطالوی وزیراعظم کے حسن کی تعریف کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے شرم الشیخ میں برطانوی وزیراعظم کو اشارہ دیا کہ جیسے وہ انھیں گفتگو کے لیے بلا رہے ہیں، مگر پھر خود مائیک سنبھال کر انھیں شرمندہ کر دیا۔

برطانوی اخبار نے مزید لکھا کہ ایسے میں واحد رہنما جنھیں معلوم تھا کہ ٹرمپ کو کیسے سنبھالنا ہے، وہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف تھے۔ 

دی گارجین نے لکھا کہ شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی بہت زیادہ تعریف کی۔ ایک موقع پر ٹرمپ نے اسٹیج کی جانب واپس آنا چاہا تو شہباز شریف نے انھیں روک دیا اور اپنی تقریر کا سلسلہ جاری رکھا۔

گارجین کے مطابق ٹرمپ اس تقریب میں دو گھنٹے سے زیادہ تاخیر سے پہنچے۔ پہلے انھوں نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زائد سے ملاقات پر ان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بہت سا کیش ہے۔ 

پھر اطالوی وزیراعظم جورجیا میلونی کے حسن کی تعریف کی، ہنگری کے صدر وکٹر اوربان کے بارے میں کہا کہ انھیں بہت سے لوگ پسند نہیں کرتے مگر میں انھیں پسند کرتا ہوں اور اہمیت بھی صرف میری ہی ہے۔ 

برطانوی وزیراعظم اسٹارمر کے بارے میں کہا کہ وہ کہاں ہیں، ہمیشہ کی طرح میرے پیچھے کھڑے ہیں۔ اسٹارمر سمجھے کہ انھیں بولنے کی دعوت دی جارہی ہے مگر ٹرمپ نے ایک بار پھر مائیک پر گفتگو شروع کی تو اسٹارمر کو شرمندہ سا ہو کر واپس اپنی جگہ پر جانا پڑا۔

کینیڈا کے وزیراعظم کو شکایت تھی کہ ٹرمپ نے انھیں وزیراعظم کے بجائے صدر کیوں کہا، ٹرمپ نے ان سے کہا کہ شکر کرو تمھیں کینیڈا کا گورنر نہیں کہا۔ 

گارڈین کے مطابق واحد رہنما جو ٹرمپ کو سنبھالنے میں کامیاب رہے وہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف تھے۔

قومی خبریں سے مزید