چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عدالتی آرڈر کے باوجود وزیرِاعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی بانیٔ تحریکِ انصاف سے ملاقات نہ ہو سکی۔
راولپنڈی میں انہوں نے علیمہ خان اور نورین نیازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی بانیٔ پی ٹی آئی کا کیس ڈی لسٹ ہوا، دیر سے انصاف نہ ملنا بھی ناانصافی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جیل میں چھٹا کیس چل رہا ہے، ہمارے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، پاکستان میں 23 لاکھ کیسز پینڈنگ چل رہے ہیں، ہم نے انصاف کی بات کی ہے کہ جلد دیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ملزم جیل میں ہو اس کی ضمانت کا فیصلہ 2 ماہ میں ہونا چاہیے، 9 ماہ سے ہمارا کیس نہیں لگا۔
اس موقع پر بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کا ضمانت کا کیس سنا جائے۔
بانیٔ تحریکِ انصاف کی بہن نورین نیازی نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ آئے مگر ان کو بانی سے ملنے کی اجازت نہیں ملی۔