چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ’اسلام آباد سمپوزیم 2025‘ کی اختتامی تقریب میں بطورِمہمانِ خصوصی شرکت کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے تقریب سے خطاب میں مقررین اور پینلسٹ کی آراء کو سراہا اور عالمی و علاقائی منظر نامے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کرتا رہے گا، دنیا کو محاذ آرائی کے بجائےتعاون کی راہ اپنانا ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر بقائے باہمی کے نظریے کی پاسداری کرتا رہے گا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، تنازعات میں فلسطین اور جموں و کشمیر کے دیرینہ مسائل شامل ہیں۔