آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں سالونٹ مکسنگ کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
اوگرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام لائسنس یافتہ کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی مصنوعات سے متعلق معلومات فراہم کریں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے سالونٹ آئل کے بارے میں معلومات طلب کرنا اس وسیع کوشش کا حصہ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ صنعتی استعمال کے لیے مخصوص مصنوعات کو موٹر پیٹرول کے ساتھ ملاوٹ یا غلط استعمال سے روکنا ہے۔ مصنوعات کا معیار، صارفین کا تحفظ اور سرکاری محصولات کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ شفافیت، منصفانہ مسابقت اور ریگولیٹری تعمیل کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔ ملک بھر میں معیاری پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور عوامی مفاد کے تحفظ کو یقینی بنارہے ہیں۔